ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ہوناورکے آلّنکی میں رہائشی اسکول کے29 طلبہ ہوگئے بیمار۔ علاج کے لئے اسپتال میں داخل

ہوناورکے آلّنکی میں رہائشی اسکول کے29 طلبہ ہوگئے بیمار۔ علاج کے لئے اسپتال میں داخل

Sat, 03 Nov 2018 19:08:23  SO Admin   S.O. News Service

ہوناور3؍نومبر (ایس او نیوز)ابھی تین چار دن پہلے مرڈیشور بستی مکّی رہائشی اسکول کی طالبات غذائی سمیت کا شکار ہوکر اسپتال میں علاج کے بعد صحت یاب ہوئی تھیں۔ اب تازہ اطلاع کے مطابق ہوناور کے آلّنکی نامی گاؤں میں واقع رہائشی اسکول کے 29طلبہ اچانک بیمار ہوگئے اور انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق اس رہائشی اسکول میں120طلبہ قیام کرتے ہیں۔ ان میں سے 29طلبہ میں پیٹ درد، سرچکرانے اور قئے کے ساتھ بخار کی شکایات دیکھنے کو ملیں۔اس معاملے میں ابتدامیں غذائی سمیت کا ہی شبہ کیا گیا۔ لیکن ان بیمار بچوں میں سے چند طلبہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پچھلے دو تین دن سے بخار میں مبتلا تھے۔اس وجہ سے سمجھا جارہا ہے کہ وبائی بخار کی وجہ سے مزید طلبہ بیمار ہوگئے ہونگے۔

طلبہ کے بیمار ہونے کی اطلاع ملنے پر ہوناور تحصیلدار بی این گوڈ نے اسپتال پہنچ کراسکول کے ہیڈماسٹراورتعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹراوشا ہاسیاگار سے بچوں کی صحت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اورہدایت دی کہ طلبہ کا کھانا پکانے کے لئے استعمال ہونے والے برتن اور سپلائی کیے گئے اناج کی پوری طرح جانچ ماہرین سے کروائی جائے۔تحصیلدار نے مزید بتایا کہ وہ اپنے طور پر تحقیق کرنے کے علاوہ اس مسئلے کو ضلع ڈپٹی کمشنرکے علم میں بھی لائیں گے اور کس وجہ سے رہائشی اسکولوں میں طلبہ کے بیمار ہونے کے واقعات پیش آرہے ہیںیہ جاننے کی کوشش کریں گے۔

بچوں کا علاج کررہے ڈاکٹر راجیش کینی نے بتایا کہ بچوں کی صحت کے تعلق سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا مناسب علاج کیا جارہا ہے او رتمام طلبہ صحت یاب ہورہے ہیں۔


Share: